ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شیواجی نگر شوٹ آؤٹ معاملہ

شیواجی نگر شوٹ آؤٹ معاملہ

Thu, 23 Jun 2016 14:23:26  SO Admin   (ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور)

فائرنگ کے بعد دو ملزمین گرفتار، تین کی تلاش جاری


بنگلورو۔22؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) شیواجی نگر میں گزشتہ شب شوٹ آؤٹ میں ملوث غنڈہ شبیر سمیت دو افراد کو ایچ بی آر لے آؤٹ میں پولیس نے فائرنگ کرکے زخمی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔بتایاجاتاہے کہ شیواجی نگر کے درگاہ حضرت کمبل پوش روڈ پر کل رات نو بجے غنڈہ پرویز پر ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے گولی چلانے کے ذریعہ قتل کرکے فرار ہونے والے پانچ میں سے دو ملزمین کو پانچ گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے میں پولیس نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت شبیر اور برکت کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ایچ بی آر لے آؤٹ کی جھاڑیوں کے پاس جب پولیس گشت کررہی تھی اس وقت ناکہ بندی کے دوران گاڑیوں کی جانچ کرتے وقت شبیر اور برکت نے پولیس پر حملہ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دونوں کو زخمی کرکے گرفتار کرلیا۔اڈیشنل کمشنر آف پولیس پی ہری شیکھرن نے بتایاکہ ملزمین کے حملے میں زخمی کے جی ہلی تھانہ کے ہیڈ کانسٹبل پدمانابھا کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی گولیوں سے زخمی شبیر اور برکت خطرہ سے باہر ہیں۔ پرانی دشمنی کے نتیجہ میں ملزمین نے کل رات ہیگڈے نگر سے تعلق رکھنے والے غنڈہ پرویز کا قتل کردیااور اس کے ساتھیوں پر حملہ کرکے فرار ہوگئے تھے۔ اس حملے میں آصف اور واجد پاشاہ نامی دوافراد بھی زخمی ہوئے تھے۔ ان کی حالت بھی خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شیواجی نگر میں حملہ سے قبل ملزمین سداپور میں واقع فلم ڈائرکٹر ماہین کے دفتر پہنچ کر وہاں بھی گڑ بڑ کی تھی، اس کے بعد آڈگڈی میں نور نامی شخص پر حملہ کردیا تھا۔ملزمین کی گرفتاری کیلئے پولیس نے خصوصی ٹیم کی تشکیل دی تھی، اور رات بھر شہر میں ناکہ بندی کا اہتمام کیاگیا تھا، جس کے تحت تمام گاڑیوں کی جانچ ہورہی تھی کہ علی الصبح تین بجے شبیر اور برکت بائیک پر مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے، جن کو روکنے پر دونوں نے پولیس اہلکار پدمانابھا اور انتونی کو بندوق دکھا کر دھمکی دی اور ان پر تیز دھاری ہتھیارات سے حملہ کردیا، فوری طور پر انسپکٹر سرینواس نے دو راؤنڈ گولیاں چلاتے ہوئے شبیر اور برکت کو زخمی کردیا اور انہیں تحویل میں لے لیا۔ ہری شیکھرن نے جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد بتایاکہ حملہ میں ملوث مز ید تین ملزمین کا سراغ مل گیا ہے جنہیں عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ دو ماہ قبل ڈی جے ہلی میں غنڈہ ادریس کا قتل ہوگیاتھا، جسے مقتول پرویز کے ذریعہ ماہانہ دس ہزار روپیوں کا ہفتہ دیا جاتاتھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ذمہ داری سنبھالنے والے شبیر کو ہفتہ دینا بند کردیاگیا تو تین دن قبل اس نے پرویز سے پانچ لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا تھا، جس سے انکار کرتے ہوئے پرویز نے اسے دھمکی بھی دی تھی، جس کے سبب منظم سازش کے تحت درگاہ حضرت کمبلپوش مسجد میں منعقدہ افطار پارٹی کے بعد پرویز پر حملہ کرکے اس کاقتل کردیا۔ 


Share: